عیدالاضحیٰ کے دنوں میں ہر گھر میں سب سے اہم سوال یہی ہوتا ہے کہ قربانی کے گوشت کو محفوظ رکھنے کا طریقہ کیا ہونا چاہیے تاکہ گوشت کئی ہفتوں تک خراب نہ ہو۔ اگر چند احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں تو گوشت کو لمبے عرصے تک تازہ اور محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق گوشت کو محفوظ رکھنے کے لیے سب سے پہلے اسے چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کرنا ضروری ہے۔ گوشت کو پلاسٹک بیگز، فریزر بیگز یا ائیر ٹائٹ ڈبوں میں اچھی طرح بند کرکے رکھنا چاہیے تاکہ ہوا اندر داخل نہ ہو سکے۔ اس عمل سے گوشت کی تازگی برقرار رہتی ہے اور بدبو پیدا نہیں ہوتی۔
اگر ممکن ہو تو گوشت سے اضافی ہڈیاں الگ کر دیں کیونکہ ہڈیاں فریزر میں زیادہ جگہ گھیرتی ہیں۔ کچا گوشت فریزر میں تقریباً 4 سے 12 ماہ تک محفوظ رہ سکتا ہے جبکہ قیمہ 3 ماہ تک بہتر حالت میں رہتا ہے۔ اسی طرح پکا ہوا گوشت 2 سے 3 ماہ تک استعمال کے قابل رہتا ہے۔
بجلی نہ ہونے یا فریزر دستیاب نہ ہونے کی صورت میں برف والے کولر کا استعمال بھی بہترین طریقہ مانا جاتا ہے۔ کولر کے نچلے حصے میں برف رکھیں، پھر گوشت رکھ کر اوپر مزید برف ڈال دیں۔ کوشش کریں کہ گوشت مکمل طور پر ٹھنڈک میں رہے تاکہ خراب نہ ہو۔
قدیم زمانے میں گوشت کو محفوظ رکھنے کے لیے نمک کا استعمال بھی کیا جاتا تھا۔ آج بھی گوشت کو نمک لگا کر ائیر ٹائٹ برتن میں رکھ کر کئی دنوں تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ پکانے سے پہلے گوشت کو اچھی طرح دھو لینا چاہیے تاکہ اضافی نمک ختم ہو جائے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صفائی اور مناسب ٹمپریچر کا خیال رکھا جائے تو قربانی کے گوشت کو محفوظ رکھنے کا طریقہ نہ صرف آسان بلکہ انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔















