مسلم لیگ ن کو جھٹکا، لیگی امیدوار رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل

لاہور( نیوز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار محمد عاطف کی درخواست پر سماعت، درخواست میں الیکشن کمیشن اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ فارم 45 کے مطابق 3 ہزار 500 سے زائد ووٹوں سے کامیابی حاصل کی، الیکشن کمیشن نے قانون کے برعکس دوبارہ گنتی کا حکم دیا، دوبارہ گنتی میں رانا ارشد کو اڑھائی ہزار سے زائد ووٹوں سے کامیاب قرار دیا گیا۔

جس پر لاہور ہائیکورٹ نے پی پی 133 ننکانہ صاحب سے کامیاب ہونے والے لیگی امیدوار رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے صوبائی حلقہ پی پی 133 ننکانہ صاحب سے رانا ارشد کی کامیابی کیخلاف پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار محمد عاطف کی درخواست پر سماعت کی،درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوچکا تھا، الیکشن کمیشن نے رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن خلاف قانون جاری کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:‌فواد چوہدری کیخلاف ڈکیتی کا مقدمہ درج ، ریکارڈ عدالت میں پیش

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے اور درخواست گزار کی بطور ایم پی اے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے۔بعدازاں عدالت نے پی پی 133 ننکانہ صاحب سے ن لیگی امیدوار رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔