لاہور(نیوزڈیسک) لاہور کے وائڈ لائف پارک جلو کے قریب ٹرانس جینڈر بچوں کے لیے قائم کی گئی تحفظ درسگاہ میں داخلوں کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور یہاں بہت جلد کلاسس کا آغاز ہو جائیں گا۔ ٹرانس جینڈر بچوں کو یہاں پرائمری سے او لیول تک تعلیم کے ساتھ مختلف ہنر بھی سکھائے جائیں گے جبکہ ٹرانس جینڈر بچوں کو مفت رہائش بھی دی جائے گی۔
مزیدپڑھیں:رومانیہ اور بلغاریہ یورپین شینگن ایریا کا باقاعدہ حصہ بن گئے
تحفظ درسگاہ برطانوی کریکلم اینڈ ایکریڈیشن بورڈ (یوکے کیب) نے پنجاب پولیس کی معاونت سے قائم کی ہے۔ یوکے کیب کے نمائندے اور تحفظ درسگاہ کے کوآرڈنیٹر حمزہ عتیق نےبتایا تحفظ درسگاہ بنیادی طور پران ٹرانس جینڈر بچوں کے لئے ہیں جنہیں ان کے خاندان قبول نہیں کرتے ہیں۔ اس درسگاہ میں تین بلاک بنائے گئے ہیں، ایک بلاک میں اسکول ہے، دوسرے میں ووکیشنل سینٹر اور تیسرے بلاک میں ہاسٹل بنایا گیا ہے۔
حمزہ عتیق نے کہاکہ تحفظ درسگاہ میں 18 برس کی عمر تک کے ٹرانس جینڈر بچوں کو رکھا جائے گا جہاں انہیں اے اور اولیول کی تعلیم دی جائے گی، اس مقصد کے لیے جو ٹیچرز منتخب کیے گئے ہیں ان میں ٹرانس جینڈر بھی شامل ہیں جبکہ ایسے ٹرانس جینڈر جو اپنی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے طویل عرصہ سے جدوجہد کر رہے ہیں ان کی خدمات بطور والینٹیرز حاصل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ جو دیگر اسٹاف ہے ان کی ٹریننگ کی جا رہی ہے جبکہ ٹرانس جینڈر بچوں کی رجسٹریشن کے لیے کام شروع ہوگیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ چند ہفتوں میں یہاں کلاسیں شروع ہوجائیں گی۔















