مقبوضہ کشمیر میں بی ایس ایف کے اضافی دستے تعینات،بڑے آپریشن کی تیاریاں

سری نگر(نیوزڈیسک) بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت نے تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کے لئے پیراملٹری بارڈر سیکورٹی فورس کے اضافی دستے تعینات کر دیے ہیں۔کشمیر میڈیا کے مطا بق بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف)کے اضافی دستے وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں تعینات کئے گئے ہیں۔بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز، پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)، انڈو تبتین بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی)اور شاسترا سیما بل (ایس ایس بی)کے اہلکار مقبوضہ علاقے کے تمام شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں پہلے ہی بڑے پیمانے پر تعینات ہیں۔دریں اثنا بھارتی حکومت نے حفاظتی اقدامات کی آڑ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کو مزید تیز کردیا ہے تاکہ اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کی سیاسی آوازوں کوخاموش کیاجائے اورانہیں خوفزدہ اور ہراساں کیاجائے۔