منی پور واقع پر خاموشی راہول گاندھی نے نریندرا مودی کی دھجیاں اڑا دیں

نئی دلی(نیوزڈیسک) انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی پارلیمنٹ میں اپنی دو گھنٹے کی تقریر کے دوران مسکراتے رہے ، انہوں نے منی پور پر صرف چند منٹ بات کی اور انکے چہرے پر درد کا کوئی تاثر نہیں تھا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راہول گاندھی نے نئی دلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ نریندر مودی منی پور کے مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ شورش زدہ ریاست میں امن کی بحالی کے خواہاں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں 2گھنٹے اور 13منٹ تک تقریر کی لیکن منی پور کے حوالے سے آخر میں صرف چند منٹ بات کی، وہ منی پورکے بارے میں کتنے سنجیدہ ہیں اس بات کا پتہ تقریر کے دوران انکے چہرے سے صاف نظر آرہا تھا ، وہ تقریر کے دوران مسکراتے رہے اور انکے چہرے پر در د کا کوئی تاثر نہیں تھا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ منی پور جل رہا ہے ،لوگ ایک دوسرے کو مار ہے ہیں لیکن پارلیمنٹ میں اس معاملے پر ٹھوس بات کرنے کے بجائے مودی کانگریس اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں اور انکے قائدین پر تنقید کرتے رہے۔ کانگریس رہنما نے کہا کہ مودی کو سوچنا چاہیے کہ وہ کسی مخصوص پارٹی یا علاقے کے رہنما نہیں بلکہ ملک کے وزیر اعظم ہیں۔