جو بائیڈن کا چینی صدر کیخلاف بیان، امریکا کو فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، چین

واشنگٹن (   اے بی این نیوز  )امریکا میں چینی سفارتخانے نے کہا ہے کہ چین امریکی صدر جو بائیڈن کے اس بیان کا فیصلہ کن جواب دے گا جس میں انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کو آمر قرار دیا تھا۔روسی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی سفارتخانے نے گزشتہ روز بیان میں کہا کہ چین کی حکومت اور عوام ملک کے سپریم لیڈر کے خلاف کسی قسم کی سیاسی اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کریں گے اور انہیں فیصلہ کن جواب دیں گے۔بیان میں امریکا سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ امریکی صدر جو بائیڈن کے الفاظ کے منفی نتائج سے نمٹنے کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدام کرے اور اپنے وعدے پورے کرے۔ بصورت دیگر اسے تمام نتائج بھگتنے ہوں گے۔چینی سفارت کاروں کے مطابق امریکا میں چین کے سفیر ژی فینگ نے بدھ کو وائٹ ہاؤس اور محکمہ خارجہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے صدر جو بائیڈن کے بیان پر شدید احتجاج کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکی صدر کے چینی صدر کے بارے میں توہین آمیز ریمارکس غلط، مضحکہ خیز اور غیر ذمہ دارانہ ہیں اور یہ کھلی سیاسی اشتعال انگیزی ہے۔ چین واضح طور پر اس کو مسترد اور اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔