برازیل کو تین بار ورلڈ کپ جتوانے والے پیلے 82 سال کی عمر میں انتقال کر گئے

برازیلیا(نیوز ڈیسک) فٹ بال کے عظیم ترین کھلاڑی اور برازیل کو تین بار ورلڈ کپ جتوانے والے پیلے 82 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ۔تفصیلات کے مطابق بیسویں صدی کے بہترین فٹبالر پیلے 82 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں، وہ صدی کے بہترین ایتھلیٹ اورمیرا ڈونا کےساتھ مشترکہ فیفا پلئیر آف دی سنچری قرار پائے تھے جبکہ لیجنڈری فٹبالر کا تعلق برازیل سے تھا، وہ ایک ماہ سے ساؤپالو کے اسپتال میں زیرعلاج تھے،پیلے کے اہل خانہ ہر لمحہ ان کے ساتھ رہے اور کرسمس بھی اسپتال میں منائی تھی،پیلے کو نومبر کے آخر میں سانس کے انفیکشن اور بڑی آنت کے کینسر سے متعلق پیچیدگیوں کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ ان کی صحت خراب ہو گئی تھی کیونکہ ان کا کینسر بڑھ رہا تھا،ایڈسن ارانٹس عرف پیلے 1940 میں پیدا ہوئے تھے، ان کو بچپن سے ہی فٹبال کا جنون کی حد تک شوق تھا۔ ڈربلنگ کی صلاحیتوں سےحریفوں کو بھی دنگ کردیتے تھے،پیلے کی صرف 16 سال کی عمرمیں برازیل کی نیشنل ٹیم میں انٹری ہوئی 1958، 1962 اور 1970 میں برازیل کی ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے،اس کے علاوہ برازیل کی جانب سے 92 میچز میں 77 بار گیند کو جال میں پہنچایا۔