اسلام آباد( اے بی این نیوز )افغانستان پر چار فریقی گروپ کا اجلاس جمعرات کو ازبکستان کے شہر سمرقند میں منعقد ہوا۔ مشاورتی گروپ میں پاکستان، ایران، روسی فیڈریشن اور چین شامل ہیں۔ مشاورت کی قیادت متعلقہ وزراء نے کی۔ افغانستان پر چار فریقی گروپ کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے افغانستان میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے ایک مربوط علاقائی نقطہ نظر کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کنیکٹویٹی کی بے پناہ غیر استعمال شدہ صلاحیت خطے کے لیے بے مثال نئے مواقع کو بروئے کار لا سکتی ہے۔ انہوں نے عبوری افغان حکومت کے ساتھ عملی اور تعمیری بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔چار فریقی گروپ کا پہلا اجلاس ستمبر 2021 میں ہوا تھا۔















