مقبوضہ بیت المقدس(نیوزڈیسک)بربریت کے تازہ مظاہرے میں صہیونی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے میں فلسطینی نوجوان کو فائرنگ کرکے شہید کردیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطینی وزیرصحت نے ایک بیان میں کہاکہ اسرائیلی فوجیوں نے 23 سالہ یزان عمرجمیل خصیب کو رملہ کے قریب البیرہ کے داخلی راستے پر گولیاں مار کرشہید کیا۔اسرائیلی فوج کی جانب سے یزان عمر کی شہادت کے بعد یہ بیان جاری کیا گیا کہ فوجیوں نے اس نوجوان کو مشکوک سمجھتے ہوئے اپنی شناخت کروانے کے لیے کہا تھا جس کے جواب میں نوجوان نے چاقو نکال لیا۔ فوجیوں نے غیرمسلح کرنے کے لیے اس پر فائر کھول دیا۔ اس واقعے میں اسرائیلی فوجی محفوظ رہے۔قبل ازیں جمعرات کو بھی صہیونی فوجیوں نے جنین میں ایک کم سن لڑکے سمیت چار فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔اس واقعے کے اڑتالیس گھنٹوں بعد اسی شہر میں ایک چھاپہ مار کارروائی میں مزید چھ فلسطینی اسرائیلی فوجیوں کی وحشت کا نشانہ بن کر جان سے ہاتھ دھوبیٹھے۔جنوری میں اسرائیلی فوجیوں نے جنین کے ایک پناہ گزین کیمپ میں آپریشن کےد وران ایک عمررسیدہ خاتون سمیت نو نہتے فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔واضح رہے کہ 2023کے آغاز سے اب تک کم از کم 84 فلسطینی باشندے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے کے مطابق 2022 میں اسرائیلی فوج نے 170 فلسطینی شہریوں کو شہید کیا تھا۔















