بھارتی آرمی کا چیتا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، لیفٹیننٹ کرنل اور میجر ہلاک

نئی دہلی (نیوزڈیسک)بھارت آرمی کا چیتا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر کا صبح 9 بج کر 15 منٹ پر ائیر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ منقطع ہوا تھا جس کے بعد ہیلی کاپٹر کی تلاش شروع کر دی گئی تھی تاہم بعد ازاں معلوم ہوا کہ ہیلی کاپٹر ریاست ارونا چل پردیش کے علاقے بوم دلا میں منڈلا ہلز کے قریب پانی میں گر کر تباہ ہو گیا۔حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے جن کی شناخت لیفٹیننٹ کرنل وی وی بی ریڈی اور میجر جیانتھ کے ناموں سے ہوئی ۔سوشل میڈیا پر بھارت آرمی کے چیتا ہیلی کاپٹر کے گر کر تباہ ہونے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہیلی کاپٹر پہلے توازن کھو کر گول چکر لگاتا ہے اور پھر نیچے دریا میں گر کر تباہ ہو جاتا ہے۔