لندن ( اے بی این نیوز )سعودی عرب نے شام کی عرب لیگ میں واپسی کا عندیا دے دیا ہے تاہم یہ بھی کہا ہے کہ ایسے اقدام پربات کرنا قبل از وقت ہوگا۔العریبیہ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام کے ساتھ رابطوں میں اضافہ 10 سال سے زیادہ تنہائی کے بعد عرب لیگ میں اس کی واپسی کیلئے مدد گارثابت ہوسکتا ہے، تاہم فی الحال ایسے اقدام پر بات کرنا قبل ازوقت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عرب دنیا میں اس اتفاق رائے میں اضافہ ہو رہا ہے کہ شام کو تنہا کرنا سود مند نہیں،خدشات دور کرنے کیلئے شام کیساتھ بات چیت ضروری ہے، خاص طور پر وہاں کی انسانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے دمشق کی عرب لیگ میں واپسی ہوسکتی ہے۔سعودی وزیر خارجہ نے عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں شام کو دعوت دینے کے سوال پر کہا کہ اس بارے میں بات کرنا قبل از وقت ہے، لیکن میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ عرب دنیا میں اتفاق رائے ہےاور یہ کہ جمود جاری نہیں رہ سکتا، اس کا مطلب ہے کہ ہمیں اس پر قابو پانے کا راستہ تلاش کرنا ہوگا۔















