بنگلہ دیش ، تجارتی مرکز میں خوفناک دھماکہ، 17 افراد ہلاک ،100 سے زائد زخمی

ڈھاکہ ( نیوز ڈیسک )ڈھاکہ کے تجارتی مرکز کی عمارت میں خوفناک دھماکہ، 17 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ہول سیل مارکیٹ کی 7 منزلہ عمارت میں ہونے والے دھماکے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ، تاہم سیفٹی قوانین کے نفاذ میں غفلت کے باعث عمارتوں میں آگ اور دھماکوں کے واقعات معمول بنے ہوئے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 17 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 112 سے زائد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے ڈھاکہ میڈیکل کالج ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔دھماکے کے نتیجے میں عمارت کی دیواریں اور کچھ منزلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں جبکہ عمارت کا ملبہ باہر سڑکوں پر موجود لوگوں پرگرنے سے بھی کئی افراد زخمی ہوئے۔پولیس کمشنر ڈھاکہ کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جلد معلوم ہو جائے گا کہ واقعہ دہشتگردی کی کارروائی تھا یا ایک اتفاقی حادثہ تھا۔