کابل (نیوزڈیسک)افغان طالبان نے طلاق یافتہ خواتین کو ظلم کرنے والے سابق شوہروں کے پاس واپس جانے کا حکم دے دیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک افغان خاتون نے بتایاکہ اس کے سابق شوہر نے برسوں اس پر تشدد کیا، اس کے تمام دانت توڑ دیے، وہ اپنے آٹھ بچوں کے ساتھ چھپنے پر مجبور ہوگئی، بمشکل اس نے طلاق کے زریعے اپنے اس ظالم شوہر سے چھٹکارا پایا، لیکن اب افغانستان پر حاکم طالبان نے اس کی طلاق کو ردی کے معمولی ٹکڑے کی طرح پھاڑ کر پھینک دیا۔خاتون نے بتایا کہ میں نے اپنے آپ سے کہاکہ یا خدا، شیطان واپس آ گیا ہے،افغانستان کے وکلاء نے بتایا کہ طالبان کمانڈروں کی جانب سے طلاقیں منسوخ کئے جانے کے بعد کئی خواتین نے سابقہ پرتشدد اور تذلیل آمیز شادیوں میں واپس گھسیٹے جانے کی اطلاع دی ہے۔















