چین کی امریکہ سے تائیوان کے انتخابات میں مداخلت نہ کرنے کی اپیل

  بیجنگ (نیوزڈیسک) چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نےکہا ہے کہ دنیا میں صرف ایک چین ہے اور تائوان چین کا اٹوٹ حصہ ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمعرات کو میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ امریکہ اور تائیوان کے درمیان کسی بھی قسم کے سرکاری تبادلے کی سختی سے مخالفت کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکہ کو چاہیے کہ وہ ایک چین کے اصول اور تین چین امریکہ مشترکہ اعلامیوں کی شقوں کی سختی سے پاسداری کرے، تائیوان سے متعلق معاملات کو محتاط اور مناسب طریقے سے حل کرے، امریکہ اور تائیوان کے درمیان سرکاری تبادلوں کو روکے، تائیوان کی علیحدگی کی قوتوں کی حوصلہ افزائی بند کرے اور تائیوان کے خطے میں انتخابات میں کسی بھی شکل میں مداخلت سے گریز کرے، تاکہ چین امریکہ تعلقات میں بگاڑ اور آبنائے تائیوان کے امن و استحکام میں نقصان سے بچا جا سکے۔