جنرل اسمبلی سے خطاب ، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑآج واشنگٹن کیلئے روانہ ہونگے

اسلام آباد(نیوزڈیسک)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ آج اتوار کو امریکہ روانہ ہونگے۔ وزیراعظم 22 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ18 سے 23 ستمبر تک نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کے اعلیٰ سطحی مباحثے میں شرکت کریں گے۔ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی بھی وزیراعظم کے ساتھ ہوں گے۔ وزیر اعظم تنازعہ جموں اور کشمیر سمیت تشویش کے متعدد علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر کا خاکہ پیش کریں گے ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی معاشی بحالی کو مستحکم کرنے کے لیے نگران حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اہم اقدامات اور ملکی و بیرونی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے کی کوششوں کے بارے میں تفصیل سے بتائیں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے زیراہتمام پائیدار ترقی کے اہداف اور دیگر اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے، یہ کورونا وباء، جغرافیائی سیاسی مسابقت اور موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں گلوبل ساؤتھ کو درپیش سب سے اہم معاشی اور ترقیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر درکار موثر اقدامات پر غور و فکر کرنے کے لیے قابل قدر پلیٹ فارمز مہیا کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے ہم منصبوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان، فلاحی تنظیموں اور کارپوریٹ رہنمائوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔