اسلام آباد ہائیکورٹ:توشہ خانہ فوجداری کیس قابل سماعت ہونے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار

اسلام آباد (نیوزڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کیس قابل سماعت ہونے کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا جبکہ چیف جسٹس ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے توشہ خانہ کیس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی ۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 8 میں سے 5 درخواستوں پر فیصلہ سنادیا، ، حق دفاع بحال کرنے کی درخواست پر آئندہ ہفتے کیلئے نوٹس جاری کردیئے ۔ سابق وزیراعظم کی 8 درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ توشہ خانہ کیس سے متعلق دائر 8 اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے کیس قابل سماعت قرار دینے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا ۔چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ سیشن کورٹ فریقین کو دوبارہ سن کر کیس کے قابل سماعت ہونے کا فیصلہ کرے۔توشہ خانہ کیس دوسری عدالت منتقل کرنے کی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کر دی جبکہ گواہوں کی فہرست مسترد کرنے کے فیصلے کیخلاف درخواست پر نوٹس جاری کر دیئے۔