وفاقی حکومت کا بجلی قیمت میں 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان

اسلام آباد(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے عوام کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔ وزیرتوانائی سردار اویس خان لغاری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپریل کیلئے بجلی بلوں میں 3.82 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، مجموعی طور پر اس کمی کی وجہ ایندھن کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ ہے۔

رواں ماہ کے بلوں کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 7روپے6 پیسے فی یونٹ سے کم کر کے4 روپے 92 پیسے فی یونٹ کر دی گئی ہے جس کے نتیجے میں فیول کی قیمت میں 2.14 روپے فی یونٹ کمی ہوئی ۔ پچھلی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ 4روپے43 پیسے تھی جو اب کم ہو کر2روپے75 پیسے ہو گئی جس کے نتیجے میں بجلی کے بلوں میں1روپے68 پیسے فی یونٹ کمی آئی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بہاولنگرکشیدگی معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرلیا، پنجاب پولیس

وزیر توانائی نے وضاحت کی کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق گزشتہ ماہ کے مقابلے میں بجلی کے بلوں میں کمی آئی ہے۔وزیر نے واضح کیا کہ نیپرا ہر سال کے آغاز میں پورے سال کیلئے ریفرنس ٹیرف مقرر کرتا ہے، جب کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (ایف پی اے) ایک ماہ کے لیے بجلی کی پیداواری لاگت کا تعین کرتا ہے۔

ایندھن کی قیمتوں میں کمی نیپرا کی طرف سے مقرر کردہ ٹیرف کے مقابلے میں صارفین کے لیے قیمتوں میں کمی کا باعث بنتی ہے۔نیپرا کے مقررہ ٹیرف سے زائد قیمت کی صورت میں، ایندھن کی اصل قیمت اور مقررہ ایندھن کی قیمت کے درمیان فرق جمع کیا جاتا ہے، جس سے قومی نقصانات میں اضافہ ہوتا ہے۔ نیپرا ہر ماہ کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا تعین کرتا ہے۔