Your theme is not active, some feature may not work. Buy a valid license from stylothemes.com

بہاولنگرکشیدگی معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرلیا، پنجاب پولیس

لاہور(نیوزڈیسک)پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ بہاولنگر کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو گیا۔سوشل میڈیا پر عام واقعے کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ دونوں سیکیورٹی اداروں نے بہاولنگر واقعہ جو بدھ کے روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا اسے ’خوشگوار‘ حل کر لیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں پولیس نے دعویٰ کیا کہ بہاولنگر واقعے کو سیاق و سباق سے ہٹ کر سوشل میڈیا پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔عید کے پہلے روز متعدد سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ 40 سے 50 فوجی اہلکاروں نے بہاولنگر کے تھانے پر دھاوا بولا اور وہاں موجود پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔بیان میں ایسے غیر تصدیق شدہ دعوؤں کو یہ غلط تاثر دینے کی ایک “کوشش” قرار دیا گیا ہے کہ پاکستان آرمی اور پنجاب پولیس کے درمیان تصادم ہوا ہے۔

بیان کے مطابق، سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ افواہوں کے وائرل ہونے کے بعد دونوں اداروں نے “فوری” مشترکہ تحقیقات کی۔ دونوں اداروں کے افسران نے تمام حقائق کا جائزہ لیا اور معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرلیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک فوج اور پنجاب پولیس صوبے میں دہشتگردوں، شرپسندوں اور خطرناک مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے مشترکہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔