زردہ

عام دنوں، تہواروں اور تقریبات میں میٹھا لازمی بنایا جاتا ہے۔ میٹھے میں مٹھائیوں کے علاوہ کئی طرح کے حلوے، کیک، شیرخورما، کھیر، زردہ، کسٹرڈ، پڈنگ وغیرہ تیار کیے جاتے ہیں۔ تاہم، میٹھا کھانے میں اعتدال سے کام لینا چاہیے بصورت دیگر یہ موٹاپے اور صحت کے کئی دیگر مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔
کھانا کھانے کے بعد اکثر ہمیں میٹھا کھانے کی حاجت محسوس ہوتی ہے حالانکہ ہمارا پیٹ پہلے ہی بھرچکا ہوتا ہے۔ اس کی ایک وجہ تو ہماری کھانے کے بعد میٹھا کھانے کی عادت ہے جبکہ کچھ ماہرین کے مطابق انسانی دماغ کی خواہش ہوتی ہے کہ کھانے کے بعد اسے کچھ میٹھی چیز کھانے کو مل جائےاور میٹھا نہ کھانے کی صورت میں انسان اپنے کھانے کو نامکمل محسوس کرتا ہے۔ بچے ہوں یا بڑے، ہمارے یہاں ہر عمر کے لوگ انتہائی شوق سے میٹھا کھاتے ہیں۔
زردہ
درکار اجزاء:
دودھ۔ 2کھانے کے چمچ،چاول (باسمتی)۔ 3کپ
گھی۔ 4کھانے کے چمچ،دار چینی۔ ایک ٹکڑا (25ملی میٹر یا 1انچ)
لونگ۔ 2عدد،الائچی۔ 7عدد،فوڈ کلر (زردے کا رنگ)۔ چند قطرے
چینی۔ 9کپ،بادام، پستہ۔ حسب منشا،زعفران۔ حسبِ ضرورت
ترکیب:
ایک چھوٹے فرائی پین میں زعفران کی تاریں 10سیکنڈ تک بھونیں۔ پھر اس میں دودھ شامل کر کے ایک طرف رکھ دیں۔ اب چاول صاف کرکے دھوئیں، پھر انہیں پانچ سے دس منٹ کے لیے بھگو دیں۔ بعد میں پانی پسا کر ایک جانب رکھ دیں۔ اب 2کپ پانی ابلنے کے لیے رکھ دیں۔ ایک پریشر ککر میں گھی گرم کریں اور اس میں الائچی،لونگ،دار چینی اور چاول شامل کریں۔

انہیں دس منٹ تک بھونیں، پھر زعفران مکسچر، فوڈ کلر، چینی اور گرم پانی شامل کردیں۔ دو سیٹیوں تک پریشر ککر میں پکائیں۔ ڈھکن کھولنے سے قبل بھاپ خارج کریں۔ کانٹے کی مدد سے چاولوں کا ہر ایک دانہ علیحدہ علیحدہ کریں۔ پھر اسے میوہ جات کے ساتھ گارنش کرکے گرما گرم کھانے کے لیے پیش کریں۔