قورما

سب سے پہلے تین پاؤ گوشت دھو کر چھلنی میں رکھ دیں۔ پھر ایک پیالے میں آدھی پیالی دہی پھینٹیں۔اب نیاز بو کے چند پتّے،(قورما، پتّوں کے بغیر بھی پکایا جاسکتا ہے)، ادرک آدھا چھٹانک، لہسن چھے جوے، لونگ چار عدد، ہرا دھنیا چند پتّے اور حسبِ ذائقہ نمک ملا کر پیس لیں اور دہی میں مکس کردیں۔ اس آمیزے میںگوشت ڈال کرآدھے گھنٹے کی میری نیشن کے لیے رکھ دیں۔اس دوران دو عدد پیاز کے باریک لچھے کاٹ لیں۔ایک بھاری پیندے کے برتن میں تیل کڑکڑائیں اور گوشت آمیزے سمیت ڈال کر بھون لیں، جب نمی ختم ہوجائے، تو حسبِ منشا لال مرچ، دھنیا(پِسا ہوا)، ہلدی اور سفید زیرہ ڈال کر ایک بار پھر بھون لیں۔خوشبو آنے لگے،تو دہی آدھی پیالی(پھینٹی ہوئی)،کالی مرچ چھے عدد،اجوائن ایک چٹکی اور ایک پیالی پانی ڈال کر مضبوطی سے ڈھکن ڈھک کےہلکی آنچ پر پکنے دیں۔گوشت گل جائے، تو اتنا بھونیں کہ مسالا تیل چھوڑ دے۔آخر میں کٹا ہو ہرا دھنیا اور چار ہری مرچیں ڈال کر5منٹ کے لیے دَم دے دیں اور نان کے ساتھ لذیذ قورمے کا لطف اُٹھائیں۔