کراچی (اے بی این نیوز) اسٹیٹ بینک نے بینک ملازمین کو ‘وزیراعظم اپنا گھر پروگرام’ سے نااہل قرار دیتے ہوئے ہاؤسنگ فنانسنگ سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک بھر کے تمام بینکاری اداروں کے ملازمین کو ‘وزیراعظم اپنا گھر پروگرام’ کے تحت ہاؤسنگ فنانسنگ حاصل کرنے سے روک دیا۔
مرکزی بینک نے اس حوالے سے جاری کردہ ہدایات میں تمام متعلقہ اداروں کے ملازمین کی اہلیت سے متعلق قائم ابہام کو مکمل طور پر دور کر دیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمرشل بینکس، ڈی ایف آئی اور مائیکرو فنانس بینکس کے ملازمین ‘میرا گھر اپنا گھر’ یا وزیراعظم ہاؤسنگ اسکیم کے تحت رعایتی قرضے حاصل کرنے کے اہل نہیں ہوں گے۔
مالیاتی اداروں کے اپنے ملازمین کو اس اسکیم سے استثنیٰ دیتے ہوئے نااہل قرار دیا گیا ہے۔
مرکزی بینک نے تمام کمرشل اور مائیکرو فنانس بینکوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے تمام ملازمین کو اس نااہلی اور نئی پالیسی کے بارے میں فوری طور پر آگاہ کریں تاکہ اسکیم کا فائدہ صرف عام اور مستحق شہریوں تک پہنچایا جا سکے۔
مزیدپڑھیں: جمائما گولڈ اسمتھ کی دوسری شادی کی تصدیق، شوہر کے ہمراہ تصاویر جاری















