اہم خبریں

پاپولیشن کونسل کی جانب سے وائوچر سکیم خاندانی منصوبہ بندی کا ایک اچھا اقدام ہے، فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم کےمعاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ / وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاپولیشن کونسل کی جانب سے شروع کی جانے والی وائوچر سکیم ملک کے غریب گھرانوں کیلئے خاندانی منصوبہ بندی کا ایک اچھا اقدام ہے۔ اس سکیم کو ملک کے دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ خاندان اس سے مستفید ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بطور مہمان خصوصی اسلام آباد میں منعقد پاپولیشن کونسل کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی سکیموں کو وفاقی و صوبائی سطح پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) جیسے سماجی تحفظ پروگراموں کیساتھ منسلک کیا جائے۔ معاون خوصی نے تمام شراکت دار ادراہ جات ، سول سوسائٹی ، این جی اوز اور صوبائی محکمہ جات کو بی آئی ایس پی کیساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دی۔ بی آئی ایس پی اور اس کے دیگر اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر مملکت نے شرکاء کو بتایا کہ بی آئی ایس پی کے تحت 15 جنوری سے ڈائنامک سروے کا آغاز کیا جارہا ہے جو بی آئی ایس پی کے تحصیل دفاتر کے ذریعے کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی کے تحت 8.7 ملین مستحق گھرانے مستفید ہورہے ہیں۔ بی آئی ایس پی کفالت پروگرام کے تحت فی خاندان 7000روپے سہ ماہی فراہم کئے جارہے ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بی آئی ایس پی کے تحت سیلاب سے متاثرہ 2.8 ملین گھرانوں میں 70 ارب روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔بی آئی ایس پی نے ورلڈ فوڈ پروگرام کےتعاون سے ماں و بچے کی صحت کیلئے نشوونما پروگرام کا آغاز کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستحق خاندانوں کے سکولوں میں رجسٹرڈ بچوں کے تعلیمی وظائف بھی جاری کئے جاچکے ہیں اور ان وظائف کی مد میں تقریبا 13 ارب روپے فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ بی آئی ایس پی کے تحت خواجہ سراوں کو کفالت پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا جو نادرا میں بطور خواجہ سراء اندراج کرا کر بی آئی ایس پی کے تحت دی جانے والی مالی معاونت سے مستفیدہوسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں