اہم خبریں

10 روپے کا نوٹ ختم کرنے کا فیصلہ،سٹیٹ بینک کا بڑا اعلان

10 روپے کا نوٹ ختم کرنے کا فیصلہ،سٹیٹ بینک کا بڑا اعلان

اسلام آباد (اے بی این نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں نئے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 10 روپے کا کرنسی نوٹ ختم کرنے کی درخواست کی گئی ہے اور آئندہ نئے نوٹوں کی طباعت میں 10 روپے کا نوٹ شامل نہیں ہوگا، اس کی جگہ سکہ جاری کیا جائے گا۔

ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک کے مطابق 10 روپے کے کرنسی نوٹ کی لاگت میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب نئے کرنسی نوٹ جاری ہوں گے تو 10 روپے کا نوٹ ختم کردیا جائے گا۔

سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے تیار کیے گئے نئے کرنسی نوٹوں کا ڈیزائن وزیر خزانہ کی زیر صدارت قائم کمیٹی نے مسترد کردیا ہے۔

ڈاکٹر عنایت حسین نے کہا کہ کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں نئے فیچرز اور ڈیزائن میں تبدیلی کے لیے سفارشات شامل کی جارہی ہیں۔

مرکزی بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بریفنگ میں بتایا کہ نئے کرنسی نوٹوں میں بھی جعلی نوٹوں کے مسئلے کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جاسکے گا۔

ایک ہزار اور 5 ہزار کے جعلی نوٹ زیادہ زیر گردش
مرکزی بینک حکام کے مطابق اس وقت ایک ہزار اور 5 ہزار روپے کے جعلی نوٹ سب سے زیادہ زیر گردش ہیں۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی خزانہ سلیم مانڈوی والا نے انکشاف کیا کہ بینکوں اور اے ٹی ایم مشینوں سے بھی جعلی کرنسی نکل رہی ہے۔ ان کے مطابق جعلی نوٹوں کی تعداد میں اتنا اضافہ ہوگیا ہے کہ دکاندار اب 5 ہزار اور ایک ہزار روپے کے نوٹ لینے سے بھی گریز کرتے ہیں۔

اس پر ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں پاکستان میں جعلی کرنسی کی گردش نسبتاً کم ہے۔

نئے کرنسی نوٹوں کی تیاری کا منصوبہ
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ موجودہ کرنسی نوٹوں کی طباعت 2005 سے شروع ہوئی تھی اور اب تمام نئے نوٹ جاری کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ نئے کرنسی نوٹ ڈیزائن کرنے کے لیے ایک کنسلٹنٹ کمپنی کے ساتھ معاہدہ بھی کرلیا گیا ہے۔

چیئرمین کمیٹی نے مزید کہا کہ سٹیٹ بینک کنسلٹنٹ کمپنی کا 15 ہزار روپے کا مقروض ہوگیا ہے اور دو سال گزرنے کے باوجود رقم واپس نہیں کی گئی۔

سلیم مانڈوی والا کے مطابق سٹیٹ بینک کو دو سال قبل تین نوٹ دیے گئے تھے، جو اب تک واپس نہیں کیے گئے۔
مزید پڑھیں‌:آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے نئے اسپیکر چوہدری طارق فاروق منتخب

متعلقہ خبریں