بیجنگ( اے بی این نیوز) پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار ہے، پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی چین کے شینژو 24 مشن کے ذریعے خلا کا سفر کریں گے۔
محمد ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن تک پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ہوں گے۔ چینی خلائی ایجنسی کے مطابق شینژو 24 خلائی مشن مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 18 منٹ پر جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوگا۔
یہ مشن پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق کے شعبے میں جاری تعاون کا اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ سپارکو کے مطابق محمد ذیشان علی مشن میں سائنسی ماہر کے طور پر شرکت کریں گے اور خلائی اسٹیشن پر مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے۔
شینژو 24 مشن سپارکو اور چینی خلائی ایجنسی کے باہمی تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ توقع ہے کہ پاکستانی خلاباز خلا میں تقریباً ایک ہفتہ گزارنے کے بعد زمین پر واپس آئیں گے۔
لانچ سے قبل چینی ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد ذیشان علی نے کہا کہ یہ ان کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لیے بھی بڑے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خلائی مرکز کی انتظامیہ اور عملے نے انہیں بہترین تربیت فراہم کی۔
محمد ذیشان علی نے کہا کہ چینی عملے کے ساتھ ان کے پیشہ ورانہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے بلند ہے۔
پاکستانی خلاباز نے امید ظاہر کی کہ شینژو 24 مشن آخری مشن نہیں ہوگا بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ خلائی تعاون کے کئی منصوبوں میں سے پہلا قدم ثابت ہوگا۔
محمد ذیشان علی کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس مشن پر صرف ذیشان علی نہیں بلکہ خود پاکستان روانہ ہو رہا ہے۔ وزیراعظم نے پوری قوم کی نمائندگی کی ذمہ داری اور اس اعزاز کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی خلاباز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
محمد ذیشان علی نے اپنے خیر خواہوں اور حامیوں کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں:قومی سلامتی کیلئے بڑا فیصلہ، ایرانی سپریم لیڈر کا اہم بیان سامنے آگیا















