راولپنڈی(اے بی این نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف آج راولپنڈی کا دورہ کریں گی، جس کے لیے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ ان کے استقبال کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔
مری روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہوں کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے،اہم شاہراہوں، چوک چوراہوں اور بازاروں میں استقبالیہ بینرز آویزاں کر دیے گئے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ کے ممکنہ روٹس پر صفائی کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب دو روز قبل ہی راولپنڈی پہنچ گئی تھیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف گرین بس سروس کے چار نئے روٹس سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گی، ذرائع کے مطابق وہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی میں طلبہ میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کریں گی۔
مریم نواز شریف کمرشل مارکیٹ اور راجہ بازار کے ماڈل بازاروں کا دورہ بھی کریں گی جبکہ جاری اور مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب آج شام سینیٹر چوہدری تنویر کے گھر منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کریں گی۔
مزید پڑھیں۔موٹروے ایم تھری اور ایم فور کے مختلف حصوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا















