پشاور(نیوز ڈیسک )چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ قیصر رشید خان نے حکم دیا ہے کہ روٹی کی قیمت 20روپے سے زائد نہیں ہونی چاہیے،جمعرات کو کیس کی سماعت کرتے ہوئے انہوں نے ریمارکس دیئے کہ کیامحکمہ خوراک موجود بھی ہے اور اس کا کوئی فائدہ ہے۔ آٹا اتنا مہنگا کر دیا گیا ہے کہ عوام کو ایک وقت کی روٹی نہیں مل رہی اور حکومت کو عوام کی کوئی فکر ہی نہیں ہے۔ لوگ 30 روپے کی کاغذی روٹی خریدنے پر مجبور ہیں، یہ حکومت کی کارگردگی ہے؟اس دوران سیکریٹری خوراک نے بتایا کہ آٹے کی قیمت میں کمی آئی ہے اور پشاور میں 20 کلو آٹے کاتھیلا2400 روپے میں دستیاب ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ جائیں اور دیکھیں پشاور اور صوبے میں کہاں کہاں پر 2400 روپے میں 20 کلو آٹا مل رہا ہے، تندور کو بھی دیکھیں کہ روٹی کتنے کی مل رہی ہے اور وزن کیا ہے،سماعت کے آخر میں انہوں نے حکم جاری کیا کہ روٹی کی قیمت 20 روپے سے زائد نہیں ہونی چاہیے۔















