اہم خبریں

پاکستان کے مسائل کا حل مضبوط حکومت ہے،احسن اقبال

لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 18ویں ترمیم میں مزید ترمیم کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم نا مکمل ہے، ن لیگ مکمل کرے گی۔ہفتہ کو مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کے پہلے اجلاس کے بعد رانا ثناء اللہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنمااحسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل مضبوط حکومت ہے، ہم بہترین امیدواروں کو میدان میں اتاریں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم مرکز سے صوبوں کو جانے والے اختیارات کو بلدیاتی اداروں کے ذریعے نچلی سطح تک لے کر جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ن لیگ پر تنقید کرکے پنجاب سے ووٹ لینا چاہتی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کی تمام تر ذمہ داری چیئرمین پی ٹی آئی پر ہے، مہنگائی کی ذمہ دار پی ٹی آئی کی نااہلی ہے، پی ٹی آئی دور میں سی پیک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔اس موقع پر صدر ن لیگ پنجاب رانا ثناء اللہ نے پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی والے ہمارے خلاف بات کر کے ہی پنجاب میں ہمارا مقابلہ کر سکتے ہیں، لیکن ہم اوئے توئے اور گالیوں کے کلچر کو فروغ نہیں دینا چاہتے، ہم توقع کرتے ہیں پیپلزپارٹی کی قیادت انتخابات کی حوالے سے بات کرتے ہوئے جمہوری رویوں کو مدنظر رکھے گی۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کسی ایسے الیکٹیبلز کو ٹکٹ نہیں دیں گے جس سے مقامی قیادت ناراض ہو، پی ڈی ایم کبھی بھی الیکشن اتحاد نہیں تھا، اس وقت ہم ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لئے اکٹھے ہوئے تھے۔

متعلقہ خبریں