اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے سینئر افسران نے وزارت انسانی حقوق کے ڈی جی جہانزیب خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ڈی جی جہانزیب خان نے بچوں کی تحفظ کے سلسلے میں عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے ZARRA سے تعاون کی درخواست کی۔ انسپکٹر جنرل سلطان علی خواجہ کی ہدایت پر موٹروے پولیس کے سینئر افسران نے ڈی جی جہانزیب خان کو یقین دلایا کہ موٹروے پولیس وزارت انسانی حقوق کے ساتھ ملکر بچوں کے تحفظ کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے ٹول پلازوں پر عوام میں پمفلٹس اور باقاعدہ بریفنگ سیشن کا انعقاد کرے گی۔ بچوں کے تحفظ کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے موٹروے پولیس FM-95ریڈیو سے بھی خصوصی پروگرام نشر کئے جائیں گے۔ موٹروے پولیس کے افسران نے کہا کہ بچوں کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بچے کی گمشدگی کی صورت میں فوری طور پر قریبی تھانے میں رپورٹ درج کروائیں۔ گمشدہ بچوں کی تلاش میں مدد اور رہنمائی کیلئے زارا ہیلپ لائن 1099، روشنی ہیلپ لائن 15-1138یا موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130پر فوری رابطہ کریں۔ مزید Zainab Alert App سے راہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ افسران نے مزید بتایا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران نے فرض شناسی کا بہترین مظاہر ہ کرتے ہوئے رواں سال اب تک سینکڑوں اور گزشتہ پانچ سالوں میں تقریباََ 900سے زائد گمشدہ بچوں کو ان کے والدین کے حوالےکیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ نہ صرف ایمرجنسی اور ہنگامی بنیادی پر عوام کی مدد کرتے ہیں بلکہ قانون شکنی کرنے والے ملزمان کے ساتھ بھی آہنی ہاتھوں سے نبرد آزما ہوتی ہے اور یہ کہ ناصرف عوام کی مدد کرنا موٹروے پولیس کا طُرہ امتیاز ہے بلکہ مختلف سماجی بہبود کے کاموں مثلاً گم شدہ اشیاء کی بازیابی، عوام کی راہنمائی کرنا اور سب سے بڑھ کر لاپتہ، گمشدہ اور لاوارث بچوں کو والدین سے ملوانے میں بھی یہ ادارہ اہم کردار ادا کر رہا ہے۔















