اہم خبریں

مہنگائی لیگ میں شامل ہونے والے الیکشن نہیں جیت سکتے،بلاول بھٹو زرداری

مردان (نیوزڈیسک)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ آج کل ایک شخص الیکٹیبلز کی تلاش میں ہے، مہنگائی لیگ میں شامل ہونے والے الیکشن نہیں جیت سکتے۔ آصف زرداری نے خیبرپختونخوا کو شناخت دی، اٹھارہویں ترمیم کر کے بھٹو کا آئین بحال کروایا، اور اسی ترمیم کے ذریعےآپ کو آپ کے وسائل کا مالک بنایا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، اس پروگرام کو پوری دنیا میں مثالی کہا جاتا ہے، اب اس پروگرام میں اضافہ کرنا ہے۔ملک میں 70 سال سے روایتی سیاست کی جارہی ہے، ہمیں ملک میں نئی سیاست کا آغاز کرنا ہے، ملک میں عوام کا راج قائم کروانا ہے، ہم پاکستان کوتمام مسائل سےنکال دیں گے، ہم ماضی میں پھنسے ہوئے نہیں، ہمیں آج کی پریشانی کاعلم ہے۔جمعہ کو مردان میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا میں ابھی کنونشنز کا سلسلہ جاری ہے، اس کے بعد اس شہر میں جلسہ بھی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ معاشی بحران کی وجہ سےمہنگائی اور غربت میں اضافہ ہوا، ان مسائل کا حل واحد پیپلزپارٹی کے پاس ہے، ہمیں عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کو کامیاب کروانا ہے، پاکستان کی سب سے بڑی دشمن پرانی سیاست ہے، پرانے سیاستدان ماضی کے مسائل میں پھنسے ہوئے ہیں۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہر دور میں پسماندہ طبقے کی خدمت کی، عوام نے ذوالفقاربھٹو کا ساتھ دیا تو انہوں نے عوام کو حقوق دیئے، کسانوں کو زمین کا مالک بنایا، بی بی شہید خاتون ہونے کے باوجود آمروں سے ٹکرائیں، اور عوام کی طاقت سے ان کا مقابلہ کیا، انہوں نے شہادت قبول کی لیکن پیچھے نہیں ہٹیں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے پیپلزپارٹی کا پرچم تھام کر آگے بڑھنا ہے، آنے والےالیکشن میں جیت ہماری ہی ہے، ایک ہوکر بھی یہ پارٹیاں پیپلزپارٹی کا مقابلہ نہیں کرسکتیں، نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست کو چھوڑنا ہو گا، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں،عوام ہی حکمران کا فیصلہ کریں گے، اس کا ہر فیصلہ ہمارے سر آنکھوں پر ہے۔

متعلقہ خبریں