اسلام آباد (نیوزڈیسک) تحریک انصاف کے صدر پرویز الہٰی کی گرفتاری کے معاملے پر اُن کی اہلیہ نے سپریم کورٹ میں ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی۔درخواست میں سپریم کورٹ سے اپیل میں پرویز الہٰی کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی رہائی اور آئندہ کسی بھی مقدمے میں گرفتاری سے روکنے کی استدعا کی۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پرویز الہٰی کو تمام نامعلوم مقدمات میں بھی گرفتار نہ کرنے کے احکامات دیے جائیں۔انہوں نے استدعا کی کہ شوہر کو عدالت کے سامنے پیش کرنے کے بھی احکامات جاری کیے جائیں۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الہٰی کی درخواست کو غیر مؤثر ہونے کی بنا پر نمٹادیا تھا۔درخواست کے مطابق پرویز الہٰی کی رہائی کے احکامات کے باوجود انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔ ہائیکورٹ نے پرویز الہٰی کی گرفتاری سے متعلق حقائق کا جائزہ نہیں لیا۔ درخواست میں نگراں پنجاب حکومت، سیکرٹری داخلہ پنجاب، آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔















