اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی حکومت نے 10 جولائی سے غیر قانونی افغان شہریوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزارت داخلہ نے چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹری کو خط لکھ دیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ بغیر ویزے کے قیام پذیر کسی بھی افغان شہری کو 10 جولائی سے گرفتار کر لیا جائے گا، ویزہ سے زائد عرصے کے معاملات سمیت افغان شہریوں کی ملک بدری کا عمل تیز کیا جائے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 11 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر وزارت داخلہ کو رپورٹ بھیجی جائے جس میں یہ بتایا جائے کہ ویزہ کے بغیر پکڑے گئے افغان شہریوں کی تعداد کتنی ہے۔
خط میں کہا گیا کہ رپورٹ میں کیے گئے اقدامات اور ان کی موجودہ صورتحال کو شامل کیا جائے اور فیصلوں پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس میں کیا گیا۔
مزید پڑھیں:آزاد کشمیر الیکشن، لیگی رہنماؤں کا جماعت اسلامی میں شمولیت اور حمایت کا اعلان















