واشنگٹن(اے بی این نیوز)امریکی ریاستوں ورمونٹ، ورجینیا، جنوبی کیرولائنا، جورجیا، فلوریڈا، الینوائے، الاباما سمیت مختلف ریاستوں کےکئی علاقوں میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا، انڈیانا اور کینٹکی کے بعض علاقوں میں بھی پولنگ کا وقت ختم ہونےکے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اہم مقابلوں کے ابتدائی نتائج کے مطابق ڈیموکریٹ امیدواروں کو سبقت حاصل ہے ۔
ابتدائی نتائج کے مطابق ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹ کے 110 اور ریپبلکن کے 61 ارکان کو برتری حاصل ہے، 435 رکنی ایوان نمائندگان کا کنٹرول سنبھالنے کیلئے کسی بھی جماعت کو 218 نشستوں پر کامیابی درکار ہے۔
امریکی سینیٹ کے ابتدائی نتائج کے مطابق سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی 11 نشستوں پر برتری کے بعد تعداد 45 ہوگئی جبکہ ریپبلکنز کو 5 نشستوں پر برتری حاصل ہوئی جس کے بعد سینیٹ میں ریپبلکنز ارکان کی تعداد 36 ہوگئی۔ امریکی سینیٹ میں سادہ اکثریت کیلئے 100میں سے 51 نشستیں درکار ہیں۔
شمالی کیرولائنا میں ڈیموکریٹس نے سینیٹ کی نشست ریپبلکن سے چھین لی، ڈیموکریٹ ‘رائے کوپر’ نے ریپبلکن ‘مائیکل واٹلی’ کو ہرا دیا۔ ریاست جارجیا سے ڈیموکریٹ رہنما ‘جون اوسوف’ دوبارہ سینیٹر منتخب ہو گئے۔
وسط مدتی انتخابات میں 3 خلابازوں نے خلا سے ووٹ کاسٹ کیا
امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں 3 امریکی خلابازوں نے خلا سے ووٹ کاسٹ کیاAnil ، Luke اور Jessica نے ناسا کے خلائی اسٹیشن سے الیکٹرونک ووٹ ہیوسٹن خلائی مرکز کو بھیجا، کہا ووٹ کا حق خلا سے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
امریکی ریاست ورمونٹ میں مقامی وقت کے مطابق پولنگ کا آغاز صبح 5 بجے ہوا جبکہ دیگر ریاستوں نیو ہیمپشائر، نیو جرسی، نیویارک اور ورجینیا میں پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے شروع ہوئی۔
امریکی مڈٹرم انتخابات میں مسلم امیدوار بھی میدان میں
امریکی مڈٹرم انتخابات میں مسلم امیدوار بھی میدان میں ہیں، کہیں سیاسی حریفوں سے براہِ راست مقابلہ تو کہیں کئی جماعتوں کے امیدوار آمنے سامنے ہیں۔
مشی گن سے فلسطینی نژاد امریکی رکنِ کانگریس رشیدہ طلیب ایک بار پھر انتخابی میدان میں ہیں جہاں ان کا مقابلہ 4 امیدواروں سے ہے،کیلیفورنیا میں عائشہ وہاب کا مقابلہ بھی اپنی ہی جماعت کی امیدوار میلیسا ہرنینڈز سے ہے۔
دوسری جانب عام انتخابات میں رشیدہ طلیب کے مدمقابل ری پبلکن جیمز ہوپر سمیت 3 دیگر جماعتوں کے امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ امریکی سیاست میں مسلم امیدواروں کی بڑھتی موجودگی کے ساتھ یہ انتخابی مقابلے بھی خاص اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔















