فیصل آباد(اے بی این نیوز )وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسد محمود نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے قوم کو کرب اور مشکلات سے نکالا،گزشتہ حکومت نے کسی ایک نئے منصوبے کا سنگ بنیاد نہیں رکھا،پاکستان قوم کے اتحاد کو کوئی پارہ پارہ نہیں کرسکتا،پاکستان کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کا سہرا شہبازشریف کے سر ہے۔اتوار کو فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں جھرلو پھیرا گیا اور نام نہاد حکومت قائم کی گئی جو کبھی بھی پاکستان کی ترجمان نہ تھی۔ہم 2018 کے اس سفر کا آغازکررہے ہیں جس کے بعد ملک کو تباہ وبرباد کیا گیا۔ہم نے اس ڈمی حکومت کو جو پاکستان کی معیشت کو جام اور قوم کو تقسیم کرنے کے لئے لائی گئی تھی اس کو ہٹا کرثابت کیا کہ پاکستان کے اتحاد کو کوئی پارہ پارہ نہیں کرسکتا۔ہم نے بین الاقوامی دنیا،ہمسایہ ممالک کا اعتماد بحال کیا،وہ اہداف حاصل کیے جو ملک وقوم کے لازمی تھے۔آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا،پاکستان کو گرے لسٹ سے ہماری حکومت نے نکالا،نئے منصوبے اور بیرونی سرمایہ کاری اس حکومت پراعتماد ہے۔















