تہران(اے بی این نیوز)ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم پاکستان شہبازشریف سمیت پاکستان، تاجکستان، آرمینیا، جارجیا اور ترکمانستان کی قیادت کو الگ الگ پیغامات ارسال کرتے ہوئے سابق سپریم لیڈر شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت اور ایرانی عوام سے اظہارِ ہمدردی پر شکریہ ادا کیا ہے۔
اے بی این اے خبررساں ادارے کے مطابق صدرمسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ شہید رہبرِ انقلاب کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں وزیراعظم پاکستان اوراعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کی شرکت ایرانی قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اورعوام نے مشکل وقت میں جس یکجہتی اور محبت کا اظہار کیا، وہ دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے تعلقات کا مظہر ہے، ایران اور پاکستان کے عوام ہمیشہ ایک دوسرے کی خوشیوں اورغموں میں شریک رہے ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات، ثقافتی ہم آہنگی اور مشترکہ اقدار کی بنیاد پر تعاون مزید فروغ پائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید رہبرِ انقلاب پاکستان کے عوام اور حکومت کے لیے خصوصی محبت رکھتے تھے اور دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی رشتوں کو قیمتی سرمایہ قرار دیتے تھے۔
مسعود پزشکیان نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان، آرمینیا کے وزیراعظم نکول پاشینیان، جارجیا کے صدر میخائل کاولاشویلی اور ترکمانستان کے قومی رہنما قربان قلی بردی محمدوف کو بھی الگ الگ پیغامات میں اظہارِ تعزیت اور آخری رسومات میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان رہنماؤں کی جانب سے اظہارِ یکجہتی دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات میں ایک یادگار باب کی حیثیت رکھتا ہے۔
ایرانی صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور برادرانہ تعلقات کی بنیاد پر تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔
صدر پزشکیان نے اپنے پیغامات میں اس بات پر بھی زور دیا کہ شہید رہبرِ انقلاب ہمیشہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے حامی تھے اور ایران اسی وژن کے مطابق خطے میں دوستی، تعاون اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے کی پالیسی پر گامزن رہے گا۔
مزید پڑھیں:بڑی خوشخبری،سعودی عرب کا نیا پیکج ویزا متعارف















