اسلام آباد(اے بی این نیوز )وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی قیادت میں حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب معاہدہ کے بعد دیگر جرات مندانہ فیصلے کرنے کے بعد ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔فیصل کریم کنڈی نے اتوار کو ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کا نچلا طبقہ پی پی پی کی قیادت کی طرف دیکھ رہا ہے کیونکہ ان میں ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی غریبوں کی واحد آواز ہے اور پارٹی نے ہمیشہ طلبا ، نوجوانوں، خواتین، مزدوروں اور چھوٹے کاشتکاروں کے لیے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گالیوں کی سیاست پر نہیں عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، پیپلز پارٹی کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ غربت اور مہنگائی کے خلاف لڑے گی۔ فیصل کریم کنڈی نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو عام انتخابات میں عوامی حمایت حاصل ہوگی اور ملک میں عام انتخابات کسی ایک جماعت کی مرضی اور خواہش پر نہیں بلکہ آئین کے مطابق ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات میں عوام کا مینڈیٹ حاصل کرنے والی کسی بھی سیاسی جماعت کو حکومت بنانے اور ملکی مسائل کو حل کرنے کا پورا حق حاصل ہوگا۔















