اسلام آباد(اے بی این نیوز) چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کی سوئس وفاقی وزیراگنازیو کاسس کے ساتھ ملاقات ہوئی۔سوئس وزیر خارجہ نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے سے ملاقات کی جہاں آفات کے شعبہ سے متعلقہ امور زیر بحث آئے۔ ملاقات میں آفات سے نمٹنے کی تیاری کے مختلف پہلوؤں اور دونوں ممالک کے درمیان ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں تعاون پرزور دیا گیا۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے آفات سے نمٹنے کے لیے مقامی آبادی کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے سیلاب 2022 جیسی آفات کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے ایک موئثر ارلی وارننگ سسٹم (EWS) کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سوئس وفد کو پاکستان میں آفات سے نمٹنے کی تیاری کے حوالے سے فرضی مشقوں کے انعقاد اور دیگر منصوبوں اور اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے آفات کے ممکنہ اثرات کو کم کرنے کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے لیے نیشنل کامن آپریٹنگ پکچر (NCOP) تیار کرنے کے حوالے سے NEOC کے قیام کے بارے میں بتایا اور NDMA کے تھنک ٹینک، NIDM کے قیام کے لیے کے حوالے سے بھی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ملکی اور عالمی سطح پر موثر پالیسی سفارشات تیار کرنے اور آفات کے خطرے کو کم کرنے کے لیے تحقیقی شعبے کے اشتراک اور صلاحیتی دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے علاقائی یونیورسٹیوں کی معاونت حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
سوئس وفاقی وزیر برائے خارجہ امور، اگنازیو کیسس نے سوئٹزرلینڈ اور پاکستان کے درمیان ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے معائدے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کو درپیش مسائل میں مماثلت کو اجاگر کرتے ہوئے آفات سے نمٹنے کے مسائل اور رسک مینجمنٹ سے نمٹنے کے لیے تکنیکی اصولوں کی اہمیت پر زور دیا۔ سوئس وزیر خارجہ نے مشترکہ حل اور تعاون کے مواقع تلاش کرنے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ سوئس وفاقی وزیر نے پاکستان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں ہونے والی ترقی اور کامیابیوں کو سراہا اور معائدے کی بنیاد پر مستقبل میں تعاون کی امید ظاہر کی۔ میٹنگ کا اختتام ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے معاہدے کے ساتھ ہوا۔















