لاہور ( اے بی این نیوز )مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ معاشی بحالی کا قومی منصوبہ تاریخی قدم ہے، ایٹمی دھماکوں کی طرح معاشی بحالی کا منصوبہ پاکستان کو معاشی قوت بنائے گا۔(ن) لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز سے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، رکن قومی اسمبلی ملک سہیل اور سابق ایم پی اے اختیار ولی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پارٹی تنظیمی امور اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان بالخصوص بلوچستان کی ترقی نواز شریف کے دل کی آواز ہے، بلوچستان کی ترقی میں عوام کو شراکت دار بنانا چاہتے ہیں، صوبے میں احساس محرومی دور کرنے کیلیے ٹھوس اقدامات پر کاربند ہیں۔ وزیر اعظم دانش اسکول اور ووکیشنل درس گاہ کے قیام کے اقدامات کیے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے 1150 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے نظریاتی، وفادار، محنتی رہنماؤں اور کارکنوں کی قدر کرتے ہیں، وقت کی آندھیوں میں ثابت قدم رہنے والے پارٹی کے سر کا تاج ہیں، انتخابات میں پارٹی کے نظریاتی رہنماؤں اور کارکنوں کو ٹکٹ دیں گے۔















