اہم خبریں

جس نے پی ٹی آئی چھوڑ کر جانا ہے جائے، ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے، شوکت یوسفزئی

اسلام آباد(نیوزڈیسک)سابق صوبائی وزیر اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شوکت یوسفزئی نے کہاہے کہ جس نے پارٹی چھوڑ کر جانا ہے جائے، ہمیں مسئلہ نہیں ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگومیں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں کہ لوگ مشکل وقت میں اپنی جماعت کو چھوڑ کر جائیں، جس نے جانا ہے جائے، ہمیں مسئلہ نہیں، جانے آنے سے کچھ نہیں ہوتا، ووٹ عمران خان کا ہے، البتہ لوگوں کے جانے سے پارٹی میں صفائی ہو رہی ہے۔شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ کراچی میں جو اکثریت ثابت کرے گی اسی کا میئر آنا چاہئے، الطاف حسین سے ہمارا کوئی رابطہ نہیں اور نہ ہونا چاہئے، اصل اپوزیشن تو ہم ہیں، البتہ ہم پیپلز پارٹی کے ساتھ نہیں جا سکتے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک سے باہر نہیں جائیں گے، پی ٹی آئی کا مقابلہ الیکشن میں نہیں کیا جا سکتا اسی لئے ہمیں فوج سے لڑانے کی سازش کی گئی، ہم نے پرامن احتجاج کی کال دی اور اس میں نامعلوم افراد شامل ہوئے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ کی جوڈیشل انکوائری اور اس میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے لیکن یہ کوئی طریقہ نہیں کہ کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے جائیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کوئی قانون نہیں، اگر انہیں عمران خان کو گرفتار کرنا تھا تو کرلیتے لیکن عدالت کے احاطے سے گرفتار کرنا غلط طریقہ تھا، کسی پی ٹی آئی رہنما نے توڑ پھوڑ کا کہا ہے تو انہیں گرفتار کریں۔

متعلقہ خبریں