اہم خبریں

کسی سیاسی جماعت پر بھی پابندی کے حق میں نہیں، امین الحق

اسلام آباد(نیوزڈیسک)تحریک انصاف سمیت کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کے حق میں نہیں ہیں، تاہم کسی ایک سیاسی جماعت پر عدلیہ جیسے قابل احترام ادارے کی خصوصی عنایات پر بھی تشویش ہے۔یہ بات متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے نجی ٹی وی سے بات چیت میں کہی۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیاسی جماعتوں پر پابندیوں کے مثبت نتائج برآمد نہیں ہوئے، لہٰذا مذاکرات سے مسائل کا حل جمہوریت کے حق میں بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں عمران خان کو حکومت میں لانے کےلیے متحدہ قومی موومنت کی کئی قومی و صوبائی اسمبلی کی جیتی ہوئی نشستوں پر نتائج تبدیل کیے گئے اور ہماری جیتی ہوئی نشستیں پلیٹ میں رکھ کر تحریک انصاف کے حوالے کردی گئیں۔ ہم آج بھی اس ناانصافی پر سراپا احتجاج ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں مردم شماری میں شہری علاقوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر ہم نے وفاقی حکومت سے سامنے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے، توقع ہے ہماری شکایتوں پر وفاقی حکومت توجہ دے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے 9 مئی کو ہونے والی دہشت گردی نے پوری دنیا میں پاکستان کے امیج کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے، تحریک انصاف نے وہ کام کیا جو دشمن نہیں کرسکا۔ان کا کہناتھاکہ پاک فوج کی تنصیبات اور ریاستی اداروں پر جس منصوبہ بندی سے حملے کیے گئے وہ افسوسناک تھے، جس کی گناہ گاروں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کی تعمیر جاری ہے جبکہ کراچی میں جلد آئی ٹی پارک کی تعمیر جنوبی کوریا کی جانب سے شروع ہوجائے گی۔

متعلقہ خبریں