اسلام آباد(اے بی این نیوز)9مئی کے واقعات کے بعدپاکستان تحریک انصاف کے بہت سے رہنماوں کے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے،پاکستان پیپلز پارٹی سر دست پی ٹی آئی سے آنیوالے سیاسی رہنماوں کو قبول کرنے سے گریزاں ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں جلاو گھیرو اور نجی و حساس تنصیبات پر حملے اور انہیں نذر آتش کرنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے بہت سے سابق اراکین اسمبلی ،عہدیدران اور ٹکٹ ہولڈرز نے پی ٹی آئی کو خیر باد کہنا شروع کر دیا ہے۔اس دوران پی ٹی آئی کےبعض رہنماوں نے مختلف سیاسی جماعتوں میں شمولیت کیلئے ان کے دروازوں پر دستک دینا شروع کر دی ہے۔اس سلسلہ میں پی ٹی آئی کے بعض رہنماوں نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کیلئے بھی رابطےکیئے ہیں ،پیپلز پارٹی سے رابطہ کرنیوالوں میں پی ٹی آئی کی اہم شخصیات بھی شامل ہیں تاہم پیپلز پارٹی سر دست پی ٹی آئی سے آنیوالے سیاسی رہنماوں کو قبول کرنے سے گریزاں ہے ۔ 9مئی کوجلاو گھیرو اور نجی و حساس تنصیبات پر حملے اور انہیں نذر آتش کرنے میں ملوث پی ٹی آئی کے رہنماوں کو پیپلز پارٹی کسی صورت قبول نہیں کریگی ۔















