اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیرداخلہ راناثنااللہ نے کہاہے کہ عمران خان ایک لاڈلہ ہے اس کی سہولت کاری جاری ہے۔ اپنے تمام ترتحفظات کے باوجودعدالتی حکم مانیں گے، اگر آرڈریہ ہےگرفتارنہ کیا جائے تواس پرعمل ہوگا۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں راناثنااللہ نے کہا کہ عدالت نےجو حکم دیا ہے اس کی پاسداری کریں گے، ایمرجنسی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، جب عدالتیں دیکھ کرخوشی کا اظہار کریں تو ایسے فیصلوں کی امید ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کو عدلیہ کی طرف سے سہولت مل رہی ہے،انہیں ویلکم کیا جارہا ہے، سہولت کاری کے نئے ذرائع ایجاد ہورہے ہیں۔ یہ سہولت کاری صرف اس لاڈلے کیلئے نہیں اب سب کیلئے ہوگی، انہوں نے کہاکہ اگرکل کی سہولت کاری نہ ہوتی تو ہم2سے3 دن میں صورتحال کو کنٹرول کرلیتے۔انہوں نے کہاکہ ایک ایک ملزم کیخلاف مقدمات درج ہیں اوردرج کئےبھی جارہے ہیں، واقعات میں دفاعی تنصیبات اورلوگوں کےگھروں پرحملےکارجحان سامنےآیا، دفاعی تنصیبات اورگھروں پرحملوں کی تمام ویڈیوز موجود ہیں۔ اگرجواز بنتاہو تو عمران خان کو ضرور گرفتار کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے تحفظ کے لئے حفاظتی بندوبست کیا جارہا ہے، عمران خان کی ایما پر دفاعی تنصیبات کو آگ لگائی ، صدرعلوی ملک کےآئینی سربراہ ہوکرپولیس ریسٹ ہاؤس پہنچ جاتےہیں۔ صدرعارف علوی نے صدارت کے منصب کی مٹی پلید کردی۔















