اسلام آباد(اے بی این نیوز)وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 45 میں سے 23 نشستیں حاصل کرکے سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے۔
وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے نواز شریف کے وژن کو ووٹ دیا۔ اسمبلی کی 45 نشستوں میں سے مسلم لیگ ن نے 23 پر کامیابی حاصل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں عوامی مینڈیٹ سے ترقی کی نئی منازل طے کریں گے۔ الیکشن کا دوسرامرحلہ بھی شفاف طریقے سے مکمل ہوا، ایل اے 27 میں خراب موسم کے باعث الیکشن ملتوی ہوا، مسلم لیگ ن کو 13 نشستوں پر کامیابی ملی۔
رانا ثناء نے کہا کہ کشمیر کے تمام نظریاتی ،مالیاتی اورسیاسی مسائل کو حل کریں گے ، آزاد کشمیر میں حکومت عوامی مینڈیٹ کی بنیاد پر قائم ہو گی، نواز شریف کی جانب سے کشمیری عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔
دھاندلی کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے انتخابات سے پہلے ہی دھاندلی کا بیانیہ تیار کر رکھا تھا۔ ابتدا میں 13 حلقوں میں دھاندلی کے دعوے کیے گئے، بعد ازاں یہ تعداد کم ہو کر چار اور پھر دو حلقوں تک محدود ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے دوسرے مرحلے میں 3 نشستیں حاصل کیں، پیپلز پارٹی والوں کومعلوم نہیں تھا کہ 3 پر کامیاب ہو جائیں گے۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ میرپور الیکشن میں پیپلز پارٹی کو پتہ چلا کہ ہار گئے تو طوفان اٹھا دیا۔ پیپلز پارٹی نے شور مچایا کہ ہمارے ایم این اے پر حملہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے بتا تو دیں کہ ایم این اے کیا کرنے گیا تھا؟ پیپلزپارٹی نے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کیساتھ ملکر ہنگامہ آرائی کرائی، الیکشن کو سبوتاژ کرنے کے لیے پیپلز پارٹی نے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے ، بلاول بھٹو سے اپیل ہے کہ وہ گزشتہ روز کے واقعات کی تحقیقات کروائیں۔
مزید پڑھیں: شاندار کارکردگی بھی کام نہ آئی، پانچ وکٹیں لینے والا بولر ٹیم سے باہر















