اسلام آباد(اے بی این نیوز)ملک بھر میں آج پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے اعلان کا امکان ہے، جس کے بعد آئندہ کے لیے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کے نرخ مقرر کیے جائیں گے۔
اس وقت پاکستان میں پٹرول 336.03 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 392.38 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔ گزشتہ جائزے میں وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 12 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی۔
حالیہ مہینوں کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر اضافے کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ 20 جولائی سے اب تک حکومت نے پٹرول کی قیمت میں تین بار کمی، چھ بار اضافہ جبکہ ایک مرتبہ قیمت برقرار رکھی۔ دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں صرف ایک بار کمی اور آٹھ مرتبہ اضافہ کیا گیا، جس سے ڈیزل کی قیمتوں پر مسلسل دباؤ برقرار رہا۔
آج متوقع اعلان کے بعد یہ واضح ہوگا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور مقامی معاشی عوامل کے پیشِ نظر عوام کو ریلیف ملتا ہے یا پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہوتی ہیں۔ عوام اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کی نظریں حکومت کے نئے نرخوں کے اعلان پر مرکوز ہیں۔
مزید پڑھیں: آسٹریلیا میں برڈ فلو کا نیا کیس سامنے آنے پر انتباہ جاری،حفاظتی اقدامات سخت















