اہم خبریں

آزاد کشمیر انتخابات، پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی شروع

آزاد کشمیر انتخابات، پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی شروع

اسلام آباد (اے بی این نیوز) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کا وقت آج ختم ہو گیا، مظفر آباد ڈویژن کے 8 حلقوں میں پولنگ جاری ہے۔ مظفرآباد ڈویژن کے حلقہ ایل اے 27 میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پولنگ منسوخ کر دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ کا وقت صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک مقرر کیا تھا۔ ملک بھر میں مہاجرین کی نشستوں پر پولنگ کا وقت شام 5 بجے ختم ہو گیا ہے۔ الیکشن رولز کے مطابق پولنگ سٹیشن کے اندر موجود ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔

مظفرآباد ڈویژن کی 8 نشستوں پر پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیا ہے جس کے بعد ووٹرز شام 6 بجے تک ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔

آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج 21 نشستوں پر پولنگ شیڈول ہے، جن میں مظفر آباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستیں شامل ہیں۔ تاہم الیکشن کمیشن نے حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد میں پولنگ ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ایل اے 27 میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد سڑکیں بند ہوگئیں جس کے باعث انتخابی عملہ اور انتخابی سامان بروقت نہ پہنچ سکا۔ اس حلقے میں اب پولنگ 4 اگست کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں کل 895,066 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں جن میں 427,400 مرد اور 382,167 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹروں کی کل تعداد 438,834 ہے جن میں 247,776 مرد اور 191,054 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

انتخابی عمل کے شفاف اور پرامن انعقاد کے لیے مظفرآباد ڈویژن میں ایک ہزار 483 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جب کہ آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں مہاجرین کی 12 نشستوں پر آج مختلف شہروں میں پولنگ ہوئی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے 1,483 پولنگ اسٹیشنز میں سے 533 کو انتہائی حساس، 741 کو حساس اور 209 کو نارمل قرار دیا گیا، جب کہ پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں کے لیے 1,057 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

ملک کے مختلف شہروں میں مقیم 4 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز نے جموں و کشمیر وادی میں ہر چھ نشستوں پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا، جب کہ ان نشستوں کے لیے کل 143 امیدوار میدان میں ہیں۔

الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں تمام 21 نشستوں پر پولنگ کا وقت شام 5 بجے تک مقرر کیا تھا تاہم اب مظفرآباد ڈویژن کی 8 نشستوں پر پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیا ہے۔

پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہو جائے گی اور غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج موصول ہونا شروع ہو جائیں گے۔
مزید پڑھیں‌:بھارتی کرکٹر کی اچانک موت،کرکٹ دنیا سوگوار

متعلقہ خبریں