تہران (نیوزڈیسک)ایران میں سیلنڈر پھٹنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی میتیں لاڑکانہ پہنچا دی گئیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کے شہر تہران کے علاقے قلعی گابری میں واقع ایک گھر کے اندر سیلنڈر پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے ، تمام افراد کا تعلق پاکستان کے ضلع لاڑکانہ سے ہے، اور یہ خاندان 20 برس سے ایران میں رہائش پذیر تھا۔قانونی کارروائی میں تاخیر کے باعث 22 روز کے بعد 3 بچوں سمیت 5 افراد کی میتیں ان کے نواحی گاوُں راضی خان پتافی مکین پہنچائی گئیں، میتیں گاوُں پہنچنے پر ماحول سوگوار ہوگیا، اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد سوگواران کے پاس جمع ہوگئی۔جاں بحق ہونے والوں میں 3 سالہ امِ فروہ، 6 سالہ پٹھانی، 16 سالہ محرم علی اور 19 سالہ غلام رضا شامل ہیں، جب کہ خواتین سمیت 4 افراد زخمی بھی ہوئے تھے جن کا ایران کی اسپتال میں علاج جاری ہے۔















