اہم خبریں

کویت نے غیرملکیوں کیلئے نئی قوانین متعارف کرادیئے

کویت سٹی (نیوزڈیسک)کویت نے غیرملکیوں کیلئے نئی قوانین متعارف کرادیئے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پیر کو کویتی حکومت نے ایک بیان میں اپنے ہاں پائے جانے والے آبادیاتی عدم توازن کو ختم کرنے کیلئے نئے ضوابط کا اعلان کردیا اور یہ قوانین کویت الیوم گزٹ میں سرکاری اشاعت کے بعد نافذ العمل ہوگئے ہیں،کویت کے نئے ضوابط میں سکیورٹی ایجنسیوں میں ملازمتوں کو صرف شہریوں تک محدود کرنے کے اقدامات شامل ہیں، اس کے علاوہ قوانین اور ضوابط کی خلاف ورزی سے متعلق غیر ملکیوں کیلئے ایک پوائنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا، ان ضابطوں کے نفاذ سے متعلق فیصلے جاری کرتے وقت غیر ملکی کارکنوں کی تعداد کی بنیاد پر قومیتوں کے تعین، تعلیم اور عمر جیسے عوامل کی بنیاد پر ان کی درجہ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے، اس کے ساتھ لیبر مارکیٹ میں غیر ملکی کارکنوں کے زیر قبضہ مخصوص پیشوں کی ضرورت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ان ضوابط کا مقصد بعض شعبوں میں غیرملکیوں کی بھرتی کو روکتے ہوئے کویتی ملازمین کی بھرتی کو بڑھانا ہے، اسی طرح تعلیمی پیداوار کو لیبر مارکیٹ کی ضروریات سے منسلک کرنا اور آبادی سے متعلق سرکاری اداروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا بھی شامل ہے۔رپورٹس کے مطابق اس ضمن میں حکومت پیشہ ورانہ ٹیسٹوں کے ذریعے ہنر مند غیر ملکی کارکنوں کو راغب کرنے کے ساتھ سرکاری معاہدوں میں ملازمت کرنے والے قومی کارکنوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے کیلئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں