تہران( اے بی این نیوز )ایران میں گزشتہ برس شاہ چراغ کے مزار پر فائرنگ کرکے 15 افراد کو قتل کرنے کے الزام میں داعش سے تعلق رکھنے والے 2 افراد کو پھانسی جب کہ 3 کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔پھانسی کی سزا پانے والے دونوں مجرموں نے عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا۔ دونوں تاجک النسل ہیں اور تعلق داعش افغانستان سے ہے جب کہ ایک حملہ آور زخمی حالت میں پکڑا گیا تھا جو دوران علاج چل بسا تھا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے صوبے فارس کی عدالتوں کے سربراہ کاظم موسوی نے بتایا کہ ان افراد کو سزاؤں کے خلاف اپیل کا حق ہے اگر اپیل میں بھی سزا برقرار رکھی جاتی ہے تو مجرمان کی سزاؤں پر عمل درآمد کردیا جائے گا۔















