اہم خبریں

سعودی عرب نے روس، یوکرین میں ثالثی کی پیشکش کر دی

ریاض (نیوزڈیسک)سعودی عرب نے روس اور یوکرین میں جاری جنگ پر مذاکرات کیلئے سہولت کاری فراہم کرنے کی پیش کر دی۔غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب سرگئی لافروف کے ساتھ نیوزکانفرنس میں کہا کہ سعودی عرب یوکرین کے بحران کے حل کے لیے ثالثی کیلئے تیار ہے۔دریں اثنا سعودی وزیرخارجہ اورلافروف نے یوکرین کی جنگ، دوطرفہ تعلقات اور تیل کی منڈیوں کے استحکام سمیت بین الاقوامی سطح پرہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا، اوردونوں وزراء خارجہ نےروس اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی اہمیت کا اظہارکیا۔شہزادہ فیصل نے کہا کہ سعودی عرب روس کے ساتھ ہر سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانااور فروغ دینا چاہتا ہے۔روسی وزیر خارجہ لافروف نے کہا ہم سعودی عرب کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانےکی خواہش کی بھی تصدیق کرتے ہیں۔انہوں نے اوپیک پلس کے پلیٹ فارم سے باہمی تعاون کے بارے میں کہا کہ ہم نے وعدوں پر مسلسل عمل درآمد کی توثیق کی ہے جبکہ شہزادہ فیصل نے تیل کی عالمی مارکیٹ میں استحکام کو برقراررکھنے کے لیے سعودی عرب کی خواہش کا اعادہ کیا۔شہزادہ فیصل بن فرخان نے یمن کی صورت حال کے بارے میں پوچھے جانے پرکہا کہ سعودی عرب تنازع کے خاتمے کے لیے یمنی فریقوں کے درمیان مذاکرات شروع کرنا چاہتا ہے،ہم یمن میں پہلے مستقل جنگ بندی تک پہنچنا چاہتے ہیں اورپھرایک سیاسی عمل شروع کرنا چاہتے ہیں۔روسی وزیرخارجہ نے یوکرین اور یمن کے تنازعات کے حل کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا اور یوکرین کے صدرولودی میرزیلنسکی کی جانب سے ماسکو کے ساتھ مذاکرات سے انکارکو مسلسل جارحیت کی وجہ قراردیا۔انہوں نے کہا ہم نہیں سمجھتے کہ یوکرین روس کے ساتھ سنجیدہ بات چیت کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔

متعلقہ خبریں