اہم خبریں

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مالی امداد کی فراہمی کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(اے بی این نیوز   ) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مالی امداد کی فراہمی کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کے عوام کو بے نظیر انکم سپوڑٹ پروگرام کے حوالے سے درپیش مسائل کو کم کرنے کیلئے مزید ڈیٹا رجسٹریشن سینٹرز کے قیام کی ضرورت ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام خیبر پختونخوا نور رحمان خان سے آج منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ تحصیل ککی اور ایف آر وزیر کے عوام کو ڈیٹا رجسٹریشن سینٹرز کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے جس کو فوری طور پر حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کش پروگرام میں کسی بھی قسم کی بے قاعدگی برداشت نہیں کی جائے گی اور متاثرہ خاندانوں کو رقم منتقلی کے طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کے ہر تحصیل میں ڈیٹا رجسٹریشن سنٹر کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔ڈائریکٹر جنرل بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام خیبر پختونخوا نور رحمان خان نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کو خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کے عوام کو کش پروگرام، وسیلہ تعلیم اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے حوالے سے درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔انہوں نے ڈپٹی اسپیکر کو جنوبی اضلاع میں ڈیٹا رجسٹریشن سینٹروں کے قیام کے حوالے سے آگاہ کیا۔

متعلقہ خبریں