ایبٹسفورڈ (اے بی این نیوز) کینیڈا میں بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار ایمی ورک کے کنسرٹ کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، تاہم گلوکار کے والد نے ان خبروں کی تردید کردی ہے کہ فائرنگ میں ایمی ورک یا ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ 5 ستمبر کی رات تقریباً 11 بجے برٹش کولمبیا کے شہر ایبٹسفورڈ میں میکلم روڈ کے قریب پیش آیا۔ پولیس کو ایک گاڑی پر فائرنگ کی اطلاع ملی، جس پر 7 گولیاں چلائی گئی تھیں، تاہم واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والی بلٹ پروف گاڑی ایمی ورک کے کنسرٹ سے وابستہ قافلے کا حصہ تھی، تاہم پولیس نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ فائرنگ کا اصل ہدف کون تھا۔
واقعے کے کچھ دیر بعد قریب ہی سنی سائیڈ پلیس کے علاقے میں ایک دوسری گاڑی میں آگ لگنے کی اطلاع بھی ملی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر گاڑی کو مکمل طور پر جلی ہوئی حالت میں پایا۔ حکام اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا گاڑی میں آگ لگنے کا واقعہ فائرنگ سے کسی طرح منسلک ہے یا نہیں۔
دوسری جانب ایمی ورک کے والد کُلجیت سنگھ نے گلوکار سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیٹا بالکل محفوظ ہے۔
ان کے مطابق فائرنگ کا تعلق ممکنہ طور پر کنسرٹ کے منتظمین سے منسلک ایک گاڑی سے تھا، نہ کہ ایمی ورک سے۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور فائرنگ کے اصل محرکات اور ہدف سے متعلق معلومات سامنے آنے کا انتظار ہے۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم کا بڑا ایکشن، بجلی سے متعلق بڑی خبر سامنے آگئی















